کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کی نجی ایئرلائن تنازعات کا گڑھ بن چکی ہے، ہر روز ایک نیا تنازعہ شروع ہو جاتا ہے، ابھی مدینے میں پھنسے تمام حجاج واپس نہیں آئے کہ شاہین ایئر نے جدہ میں پھنسے مسافروں کو اپنا مسافر ماننے سے ہی انکار کردیا۔
شاہین ایئرلائن تنازعات کا گڑھ بن گئی، نہ سول ایوی ایشن کے واجبات کی ادائیگی کی اور نہ ہی حجاج کو کراچی سے کوئٹہ پہنچایا۔ شاہین ایئرلائن نے وزارت مذہبی امور سے حج کا کوٹہ تو لے لیا لیکن اپنے 5 ہزار مسافروں کو رلا کر رکھ دیا۔ واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے شاہین ایئر پر بین الاقوامی پروازوں کی پابندی ہے جس کی وجہ سے شاہین ایئر نے عازمین کو کوئٹہ سے کراچی پہنچایا جہاں سے وہ پی آئی اے کی پروازوں سے حجاز مقدس پہنچے۔ بعد ازحج آپریشن کوئٹہ کے حجاج آج صبح پی آئی اے کی پرواز سے کراچی پہنچے تو انہیں کوئٹہ پہنچانا مسئلہ بن گیا۔ شاہین ایئر نے انہیں اپنا مسافر ماننے سے ہی انکار کردیا۔
شاہین ایئر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آپریشن ہی بند ہے اس لیے سرکاری کوٹے سے معذرت کرلی تھی۔ پی آئی اے مفاد عامہ میں کوئٹہ کے 5 ہزار حجاج کو کوئٹہ پہنچانے کے لیے اضافی پروازیں چلا رہی ہے جس سے مالی بوجھ اور معمول کا آپریشن متاثر ہو رہا ہے۔