اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) حجاج کی واپسی شروع ہو گئی، ایک ہزار عازمین حج وطن واپس پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر حج پرواز 177 حجاج کرام کو لے کر سعودی عرب سے کراچی پہنچ گئی، جب کہ قومی ایئرلائن کی کراچی پہنچنے والی پہلی پرواز پونے دو گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔ ایئر بلیو خصوصی حج پرواز نمبر 171 سعودی عرب سے 177 حاجیوں کو لے کر واپس وطن پہنچ گئی۔ کراچی پہنچنے والے والے تمام حجاج کرام کو ایئرلائن انتظامیہ کی جانب سے آب زم زم کا تحفہ بھی دیا گیا۔
ادھر پیر کو سعودی ایئر لائن اور پی آئی اے کی مجموعی طور پر چار پروازوں کے ذریعے 900 سے زائد حاجی وطن واپس پہنچ گئے ہیں، جن میں سے دو پروازیں اسلام آباد اور دو پروازیں پشاور پہنچیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور صاحب زادہ ڈاکٹر نور الحق قادری نے پہلی پرواز کے ذریعے وطن واپس پہنچنے والے حاجیوں کا استقبال کیا۔ حج کے بعد فلائٹ آپریشن 25 ستمبر تک جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ رواں سال سرکاری اور پرائیویٹ اسکیموں کے ذریعے مجموعی طور پر ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانیوں نے فریضۂ حج ادا کیا ہے۔