اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پہلی باضابطہ ملاقات میں اتفاق کیا ہے کہ خطے میں امن کی کوششوں کو جاری رکھا جائے گا۔ آرمی چیف نے عمران خان کو وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیرِاعظم کو دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشنز پر بریف کیا۔ عمران خان نے کہا کہ دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے پاک فوج نے لازوال قربانیاں دیں۔
انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔ ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔