اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) سیکیورٹی ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر عمران خان نے اضافی سکیورٹی نہ لی تو یہ ان کے لئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
روزنامہ دنیا کے مطابق نیکٹا کی جانب سے وزیرِاعظم عمران خان کو ایک اور تھریٹ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ان کی جانب سے اضافی سکیورٹی سے انکار نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نئی آزمائش میں ڈال دیا ہے۔ وزیرِاعظم کو بار بار سیکیورٹی تھریٹ نے سلامتی اداروں کی نیندیں اڑا دیں، مگر عمران خان اس کے باوجود اضافی سیکیورٹی لینے کو تیار نہیں، وہ غیر معمولی سیکیورٹی کو شاہانہ پروٹوکول تصور کرتے ہیں۔
نیکٹا ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم عمران خان کوچھ تھریٹ الرٹ جاری ہو چکے ہیں۔ آخری الرٹ تقریب حلف برداری سے دو روز قبل جاری ہوا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم کو بلیو بُک کے مطابق سیکیورٹی فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہیں قائل کرنے کی بھی کوشش جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک ماہ کے دوران 25 سے زائد سرچ آپریشن کئے گئے۔ بنی گالہ، بری امام، بہارہ کہو، سہالہ اور ترنول میں 200 سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر وزیرِاعظم عمران خان نے اضافی سیکیورٹی نہ لی تو یہ ان کے لئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔