سی پیک کو منجمد کرنا 22 کروڑ عوام کے ساتھ زیادتی ہوگی، شہباز شریف

Last Updated On 10 September,2018 10:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن رہنما شہباز شریف اور دیگر نے سی پیک سے متعلق خبروں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستانی عوام کے ساتھ زیادتی قرار دیدیا ہے۔

’پی ٹی آئی حکومت سی پیک منصوبے پر نظر ثانی پر غور کر رہی ہے‘، برطانوی اخبار کے اس دعوے پر اپوزیشن کا شدید ردعمل سامنے آ گیا ہے۔ ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ سی پیک خطے میں گیم چینجر ہے، اسے منجمد کرنا 22 کروڑ عوام کے ساتھ زیادتی ہو گی۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے میں تاخیر یا رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔

یاد رہے کہ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ نئی پاکستانی حکومت چین کے ساتھ سی پیک معاہدے پر نظرِ ثانی پر غور کر رہی ہے۔

رپورٹ میں مشیر صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد کے انٹرویو کا حوالہ دیا گیا جس میں مبینہ طور پر ان کا کہنا تھا کہ تمام منصوبوں پر ایک سال کے لیے عمل روک دینا چاہیے۔

تاہم عبدالرزاق داؤد نے خبر کی تردید کر دی ہے، اپنے وضاحتی بیان میں وزیرِاعظم کے مشیر نے کہا کہ ان کے انٹرویو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر چلایا گیا۔

دوسری طرف چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کی رفتار بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، منصوبے پر مشاورت پاکستان کی معاشی اور سماجی ترجیحات کے مطابق ہو گی۔