صوابی: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ چینی وزیرِ خارجہ نے یقین دلایا ہے کہ پسماندہ علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر کام کرینگے جبکہ سعودی سفیر سے ان کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئے بات کی ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِاعظم کے سو روزہ پلان پر مکمل عملدرآمد ہوگا، عوام کو جلد تبدیلی نظر آئے گی، ہم اپوزیشن کا احترام کرتے ہیں، اپوزیشن کی ہر بات کو سنیں گے، دھاندلی کے حوالے سے اپوزیشن کے مطالبے پر پارلیمانی کمیٹی کا اعلان وزیرِاعظم عمران خان کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ ،چینی وزیر خارجہ نے یقین دلایا ہے کہ پسماندہ علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر کام کرینگے۔ رشکئی انٹر چینج کے قریب اکنامک زون دو سالوں میں مکمل ہو گا۔ اکنامک زون کے قیام سے صوبے کے عوام کو روزگار ملے گا۔
سپیکر اسد قیصر نے بتایا کہ انہوں نے سعودی سفیر سے جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئے بات کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنی پہلی تنخواہ ڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈ میں دے چکا ہوں،ہر پاکستانی ڈیم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔