سی پیک سے مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے 10 لاکھ مواقع

Last Updated On 13 August,2018 05:16 pm

بیجنگ: (روزنامہ دنیا) سابق چینی سفارتکار کا کہنا ہے کہ عمران کے وزیراعظم بننے سے سٹریٹجک شراکت داری مزید مستحکم ہوگی۔

 سابق چینی سفارتکار اور چارچر انسٹی ٹیوٹ کے سینئر ریسرچ فیلو چنگ جیانگ نے توقع ظاہر کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بطور وزیراعظم حلف اٹھانے کے بعد پاکستان اور چین کے درمیان سدا بہار دوستی اور سٹریٹجک شراکت داری مزید مستحکم ہو گی۔ اتوار کو گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی یہ صرف چند قوتوں کی خام خیالی ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔ چنگ جیانگ نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار عام انتخابات میں تیسری پارٹی نے عمران خان کی سربراہی میں کامیابی حاصل کی ہے، اس سے قبل دو پارٹیوں (پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن) کی حکومتیں رہی ہیں۔ عمران خان کی سربراہی میں تحریک انصاف نے عام انتخابات میں اس نعرے کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے کہ وہ کرپشن کے خلاف لڑیں گے اور اصلاحات لائیں گے تاکہ عوام کی توقعات پر پورا اتر سکیں۔

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر تبصرہ کرتے ہوئے چنگ جیانگ نے کہا کہ دونوں ممالک مستقبل میں بھی باہمی تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں سی پیک نے پاکستان کی بڑھتی ہوئی اقتصادی ترقی کی شرح برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس منصوبے کے نتیجے میں پاکستان میں توانائی کے مسائل پر قابو پایا گیا ہے، توقع ہے کہ منصوبے کے نتیجے میں مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے 10 لاکھ مواقع پیدا ہوں گے۔