لاہور: (دنیا نیوز) پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے ”سی پیک“ پر لکھی گئی کتاب میں پاکستان کا غلط نقشہ شائع کر دیا گیا، وائس چانسلر نے بازار سے تمام کتابیں واپس منگوانے کا حکم دے دیا۔
پنجاب یونیورسٹی شعبہ سیاسیات کے ایسوسی ایٹ پروفیسر کی کتاب میں پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ سامنے آ گیا۔ رانا اعجاز کی پاک چین راہداری کے موضوع پر شائع ہونے والی کتاب میں پاکستان کا غلط نقشہ شائع کیا گیا ہے۔
کتاب کے صفحہ 152 پر شائع نقشہ میں بلتستان اور کشمیر کو بھارت کا حصہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ صفحہ 156 پر پاکستان کے نقشے سے مقبوضہ کشمیر کا علاقہ ہی غائب ہے۔
کتاب کے صفحہ 9، 14، 28 اور 33 میں مقبوضہ کشمیر کو بھارتی علاقہ ظاہر کیا گیا ہے۔ کتاب کے صفحہ 51 پر شائع ہونے والے نقشے میں مقبوضہ کشمیر کو متنازع علاقہ ظاہر نہیں کیا گیا۔
کتاب میں پاکستان کے غلط نقشے کی اشاعت پر اساتذہ اور طلبہ میں تشویشو کی لہر دوڑ گئی ہے۔ کتاب کو سرکاری خرچے پر پنجاب یونیورسٹی پریس سے شائع کیا گیا مگر کسی پروفیسر نے اس کتاب کی پروف ریڈنگ تک نہ کی۔
پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے مارکیٹ سے تمام کتابیں واپس منگوانے کا حکم دیدیا ہے اور انکوائری کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔