اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے لئے ایک اور امتحان، نیپرا نے بجلی مہنگی کرنے کی سمری پاور ڈویژن کو ارسال کر دی۔
نیشنل الیٹرک پاور ریگویٹری اتھارٹی (نیپرا) نے گزشتہ سال کے بقایاجات کی عوام سے وصولی کی سمری پاور ڈویژن کو ارسال کی ہے۔ نیپرا کی جانب سے صارفین سے 180 ارب روپے وصول کرنے کی سمری بھجوائی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس کے لئے بجلی کی قیمت میں چار روپے فی یونٹ اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاہم بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ وزارت توانائی کرے گی اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ابھی گزشتہ ماہ ہی نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 36 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی ہے۔ بجلی کے ٹیرف میں اضافے کی منظوری جولائی کے فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں دی گئی تھی۔ نیپرا کے فیصلے سے صارفین پر ساڑھے چار ارب کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے مطابق جولائی میں بجلی کی ریفرنس پرائس چار روپے 98 پیسے فی یونٹ رہی اور تقسیم کار کمپنیوں کو فراہم کی جانے والی بجلی کی قیمت پانچ روپے 60 پیسے فی یونٹ تھی۔ جولائی میں ہائیڈل سے 28.30 فیصد بجلی پیدا کی گئی جبکہ کوئلے سے 12.63 فیصد اور فرنس آئل سے 9.34 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔
خیال رہے کہ ملک بھر کی پاور کمپنیوں کی جانب سے بجلی کی قیمت میں 62 پیسے اضافے کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ جون کے مہینے میں دیے گئے ٹیرف کے مقابل بجلی 62 پیسے فی یونٹ مہنگی پیدا ہوئی ہے۔