بجلی کی قیمت میں 36 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری

Last Updated On 29 August,2018 06:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 36 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے، فیصلے سے صارفین پر ساڑھے چار ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔

سنٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر سماعت چیرمین نیپرا طارق سدوزئی کے زیرِ صدارت ہوئی۔ سی پی پی اے نے موقف اختیار کیا کہ جولائی میں بجلی کا ریفرنس فیول چارجز 4 روپے 98 پیسے فی یونٹ رہا جبکہ تقسیم کار کمپنیوں کو فراہم کی جانے والی بجلی کی قیمت 5 روپے 60 پیسے فی یونٹ رہی۔

نیپرا نے سی پی پی اے کی جانب سے کلیم کیے گیے بعض ضمنی اخراجات وصول کرنے کی اجازت نہیں دی۔ چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ ایندھن کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کی وجہ سے سی پی پی اے اور نیپرا حکام مل کر بیٹھ کر تفصیلی مشاورت کریں۔

فریقین کی ورکنگ کے بعد اس بات کا امکان ہے کہ شاید یہ اضافہ 45 پیسے تک پہنچ جائے۔ جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے کا اطلاق کے الیکڑک لائف لائن اور زرعی صارفین پر نہیں ہو گا، یہ اضافہ صارفین سے اگلے ماہ کے بجلی کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔
 

Advertisement