بھیس بدل کر بھی ٹرینوں کو چیک کروں گا: شیخ رشید

Last Updated On 13 September,2018 12:26 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے 20 روزمیں 2 ٹرینیں تیار کی گئی ہیں، بھیس بدل کر بھی ٹرینوں کو چیک کروں گا، سب سے بڑا ٹاسک خسارے کو ختم کرنا ہے۔

 راولپنڈی اسٹیشن کے دورے پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ سی پیک کی بھرپور حمایت کریں گے، چیف جسٹس اور وزیراعظم نے ڈیمز فنڈ کیلئے احسن قدم اٹھایا، پاکستان ریلوے کی جانب سے 10 کروڑ روپے ڈیمز فنڈ میں جمع کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا بہت سی ٹرینیں پرانی ہو چکی، اپ گریڈ کر رہے ہیں، جن مزدوروں نے دن رات کام کیا انہیں 5، 5 ہزار انعام دیں گے۔

شیخ رشید نے ریلوے کی جانب سے 10 کروڑ روپے چیف جسٹس ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا سی پیک کا کوئی مخالف نہیں اس کی بھرپور حمایت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی سے میانوالی اور اسلام آباد سے لاہور تک ریل کار چلائی جائیں گی۔ وزیر ریلوے نے اعلان کیا کہ آئندہ ماہ پشاورسے کراچی جبکہ اندرون سندھ میں 2 نئی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ ریلوے کے 42 ارب روپے کے خسارے کو ختم کریں گے، ریلوے کی ہزاروں ایکڑ زمین پر قبضہ ہے، وزیراعظم کو درخواست کروں گا کہ اس پر غور کیا جائے۔