اسلام آباد: (دنیا نیوز) کپتان کی حکومت نے بڑے فیصلے کرتے ہوئے وزیراعظم ہاؤس کو اعلیٰ درجے کی یونیورسٹی بنانے کا اعلان کر دیا جبکہ پنجاب، سندھ، کے پی اور بلوچستان گورنرز ہاؤسز میں میوزیم کھلیں گے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے وزیراعظم ہاؤس اس وقت 1 ہزار 96 کینال پرمشتمل ہے، اسکا سالانہ خرچ 47 کروڑ روپے ہے، وزیراعظم ہاؤس کو اعلیٰ درجے کا تعلیمی ادارہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا گورنر ہاؤس مری پر سال میں پنجاب حکومت نے 60 کروڑخرچ کئے، گورنر ہاؤس مری کو ایک ہیریٹج بوتک ہوٹل بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا پنجاب ہاؤس مری کو ایک ٹورسٹ کمپلیکس بنانے کا فیصلہ ہوا ہے، راولپنڈی میں موجود پنجاب ہاؤس کو بھی اعلیٰ تعلیمی ادارہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا گورنر ہاؤس لاہور کو میوزیم اور آرٹ گیلری بنایا جائے گا جبکہ اس میں موجود پارک کو پبلک پارک کے طور پر کھول دیا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما و وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا گورنر ہاؤس لاہور کی مال روڈ والی دیوار گرا کر خوبصورت جنگلہ لگایا جائے گا جس سے اندرکا ایک خوبصورت منظر دکھائی دے گا۔ انہوں نے کہا لاہور میں موجود چنبھا ہاؤس کو گورنر آفس بنا دیا جائے گا، جبکہ سٹیٹ گیسٹ ہاؤس کو ایک فائیوسٹار ہوٹل بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔ اسی طرح سٹیٹ گیسٹ ہاؤس کراچی کو گورنر ہاؤس بنایا جائے گا۔