کراچی: ( روزنامہ دنیا ) وزیر اعظم عمران خان 16 ستمبر کو شہر قائد جائیں گے اور مزار قائد پر حاضری دیں گے۔
اطلاعات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کے رواں ہفتے کراچی کے دورے کا امکان ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی 14 ستمبر کو جائیں گے، جبکہ عمران خان 16 ستمبر کو جائیں گے۔ صدر اور وزیراعظم مزار قائد پر فاتحہ خوانی کریں گے۔ منصب سنبھالنے کے بعد دونوں کی پہلی بار کراچی آمد ہو گی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت گورنر ہاؤس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی ہو گا، جس میں کراچی کے امن سمیت متعدد امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ عمران خان پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی اور سینئر رہنماؤں سے ملاقات بھی کریں گے۔