ممنون حسین کو ایوان صدر میں الوداعی گارڈ آف آنر پیش

Last Updated On 08 September,2018 10:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ممنون حسین کو الوداعی گارڈ آف آنر پیش، دوبارہ سے عام آدمی کی طرح زندگی گزارنے پر خوش، عارف علوی 9 ستمبر بروز اتوار ملک کے 13ویں صدر کا حلف اٹھائیں گے۔

صدر ممنون حسین کو ایوان صدر میں الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ممنون حسین نے گارڈ آف آنر کے بعد ایوان صدر کے ملازمین سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور ایوان صدر کے عملے کا شکریہ ادا کیا، جن کے تعاون سے وہ اپنی سرکاری ذمہ داریاں احسن انداز میں پوری کر پائے۔ اس کے بعد ممنون حسین ایوان صدر سے روانہ ہو گئے۔

ترجمان ایوان صدر کے مطابق نومنتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی 9 ستمبر بروز اتوار پاکستان کے 13 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ نومنتخب صدر مملکت عارف علوی کی تقریب حلف برداری اتوار کی دوپہر ایک بجے ایوان صدر میں ہوگی۔ چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نومنتخب صدر مملکت سے حلف لیں گے۔

تقریب میں وزیراعظم عمران خان، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور دیگر سیاسی و حکومتی شخصیات شرکت کریں گی۔

ڈاکٹر عارف علوی 4 ستمبر کو ہونے والی پولنگ کے نتیجے میں ملک کے آئندہ صدر کی حیثیت سے منتخب ہوئے تھے۔

Advertisement