کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے لگژری اور بُلٹ پروف گاڑیاں رکھنے کا جواز تیار کرتے ہوئے قانون سازی کر لی، کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔
اب وزراء، مشیر، سرکاری افسران اور پولیس حکام بلٹ پروف اورلگژری گاڑیاں رکھ سکیں گے کیونکہ اس حوالے قانون سازی کر لی گئی ہے۔ حکومت سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال ٹھیک نہیں، اس لیے حفاظت کیلئے بُلٹ پروف گاڑیاں ضروری ہیں۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق اس حوالے سے سندھ کابینہ کا خصوصی اجلاس جمعہ کے روز طلب کر لیا گیا ہے جس میں بُلٹ پروف اور لگژری گاڑیاں رکھنے کی منظوری لی جائے گی۔۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز دنیا نیوز نے یہ خبر بریک کی تھی کہ سندھ کے وزراء، مشیروں، پولیس حکام اور دیگر سرکاری افسران نے لگژری اور بُلٹ پروف گاڑیاں چھوڑنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ کے وزرا اور سرکاری افسران کا لگژری گاڑیاں دینے سے انکار
یاد رہے کہ چیف سیکریٹری نے تین دن کے اندر تمام لگژی اور بلٹ پروف گاڑیاں واپس کرنے کے احکامات جاری کیے لیکن الٹی میٹم کے باوجود ایک بھی گاڑی واپس نہیں مل سکی ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق سندھ کے وزرا اور سرکاری افسران نے لگژری گاڑیاں واپس دینے سے انکار کر دیا ہے، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز بھی گاڑیاں واپس کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ وزرا اور افسران کا موقف اختیار ہے کہ وہ بُلٹ پروف گاڑیاں حفاظت کیلئے استعمال کرتے ہیں۔
اعداد وشمار کے مطابق وزیرِاعلیٰ سندھ کے پاس 10 بُلٹ پروف اور 8 لگژری گاڑیاں ہیں۔ سندھ پولیس کے پاس 58 لگژری اور 3 بُلٹ پروف گاڑیاں ہیں جبکہ گورنر سندھ کے پاس 6 لگژری اور ایک بلٹ پروف گاڑی ہے۔