کابل: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کابل میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کابل پہنچنے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا افغان وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے استقبال کیا۔ وزیر خارجہ کی افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات 30 منٹ تک جاری رہی۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے، پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کی، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سمیت پاکستان کا اعلیٰ سطح وفد بھی مذاکرات میں موجود تھا۔
افغانستان نے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورے کا خیرمقدم کیا۔ افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی کا کہنا تھا منصب سنبھالنے کے بعد شاہ محمود قریشی کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان اور افغانستان کا امن خطے کا امن ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو ملکر امن کیلئے کام کرنا ہوگا، پاکستان سمیت تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے چیلنجز مشترکہ ہیں، ملکر نمٹنا ہوگا، مثبت سمت میں کام کرنا ہوگا، تعاون کا عمل مزید بڑھانا ہوگا۔