اسلام آباد: (دنیا نیوز) انسانی حقوق کی فنکشنل کمیٹی نے رپورٹ میں کہا ہے کہ لاپتہ افراد سے متعلق 1174 کیسز کو نمٹا دیا گیا ہے، 183 کیسز باقی ہیں۔
انسانی حقوق کی فنکشنل کمیٹی کی لاپتہ افراد سے متعلق رپورٹ ایوان میں پیش کی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ لاپتہ افراد سے متعلق 1397 کیسز موصول ہوئے، 1174 کیسز کو نمٹا دیا گیا ہے، لاپتہ افراد کے 183 کیسز باقی ہیں۔
لاپتہ افراد کے 135 کیسزحکومت سندھ کو بھجوائے گئے جن پر کوئی پیشرفت سامنے نہیں آئی، بعض لاپتہ افراد بیرون ملک چلے گئے اور وہاں مقیم ہیں، بعض لاپتہ افراد پاکستان کے دیگر شہروں میں مقیم ہو گئے اور رشتہ داروں کو نہیں بتایا، سندھ سے تعلق رکھنے والے بعض لاپتہ افراد جرائم کے ارتکاب پر قید یا پولیس کی حراست میں ہیں۔
لاپتہ افراد کا معاملہ فوری حل طلب ہے، فنکشنل کمیٹی کی کریمینل پروسیجر کوڈ کی دفعہ 365 اور پاکستان پینل کوڈ میں ترامیم کی ضرورت ہے، کمیٹی رپورٹ میں ہدایت دی گئی کہ جبری گمشدگیوں اور اسے قابل سزا جرم قرار دینے سے متعلق مسودہ قانون تیار کیا جائے، سینیٹرسسی پلیجو اور سندھ کے دیگر سینیٹرز حکومت سندھ کو بھجوائے گئے 135 لاپتا افراد کے کیسز کی پیشرفت سے آگاہ کریں۔