اسلام آباد: (دنیا نیوز) نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کی سزا معطلی پر مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے ملک بھر میں جشن منایا، فیصلہ سنتے ہی متوالوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر بھنگڑے ڈالے، نعرہ بازی کی، شہر شہر مٹھائی تقسیم کی گئی۔
نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ایون فیلڈ کیس میں سزا معطلی پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے بڑا فیصلہ آتے ہی متوالے پرجوش ہو گئے۔ شہر شہر جشن مناگای گیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ ڈویژن بنچ کا فیصلہ آتے ہی اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر کارکنوں نے خوشی میں بھنگڑے ڈالے۔ مریم اورنگزیب فیصلہ سن کر جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور ان کے آنسو چھلک پڑے۔
لاہور ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ کے باہر بڑی تعداد میں کارکن جمع ہو گئے اور قائد ن لیگ کے حق میں نعرہ بازی کی جبکہ مٹھائی بھی تقسیم کی گئیں۔
فیصل آباد میں بھی عدالتی فیصلے کی خوشی میں مٹھائی بانٹی گئی اور کارکنوں نے نوافل بھی ادا کئے۔ ملتان میں بھی کارکنوں نے جشن منایا، خواتین ورکرز نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈالا۔
گوجرانوالہ میں خرم دستگیر کے گھر پر کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی، خوشی میں نعرہ بازی کی گئی اور ایک دوسرے کو مٹھائی کھلائی گئی۔ شیخوپورہ میں کارکنوں نے شکرانے کے نوافل ادا کئے۔ قصور میں بھی پرجوش کارکنوں نے اپنے انداز میں خوشی منائی۔
پشاور میں پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں متوالوں نے جشن منایا، خوشی میں نعرے بازی کی گئی۔ ضلع خیبر میں بھی مٹھائی تقسیم کی گئی جبکہ کوئٹہ میں بھی کارکنوں نے جشن منایا۔