سابق وزیراعظم نوازشریف کل سے سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے

Last Updated On 21 September,2018 08:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف کل سے سیاسی سرگرمیاں شروع کریں گے، جاتی امراء میں پارٹی رہنماؤں سے ضمنی انتخابات پر مشاورت ہو گی، مقدمات پر قانونی ٹیم سے تبادلہ خیال کا بھی امکان۔

سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے جاتی عمرہ میں رہائی کے بعد پہلی نمازجمعہ ادا کی، میاں شریف نے بیگم کلثوم نواز اور عباس شریف کی قبروں پر حاضری دیکر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کے رہائی کے بعد ہفتہ سے متحرک ہونے کا امکان ہے۔ سابق وزیر اعظم دو روز آرام کے بعد ہفتہ سے سیاسی سرگرمیاں شروع کریں گے ۔ ضمنی الیکشن،آئندہ قانونی معاملات اور پارٹی امورپر حکمت عملی طے کریں گے۔

رہائی کے بعد ابھی تک سیاسی منظر نامے پر شریف فیملی کی طرف سے خاموشی ہے تاہم پارٹی کارکنوں اور رہنماوں کو آئندہ لائحہ عمل کے لئے قیادت کی ہدایات کا انتظار ہے۔