اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے دورہ سعودی عرب پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کرلیا، قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے سعودی عرب کے دورے کی اہمیت اور افادیت اجاگر کرنے کا فیصلہ کرلیا، پارٹی رہنماؤں اور وزراء نے وزیراعظم کو دورے پر خود بات کرنے کا مشورہ دے دیا، وزیر اعظم عمران خان قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کریں گے، جس میں وہ دورے کی تفصیلات سے ایوان کو آگاہ کریں گے۔
ادھر وزیر اعظم کل لاہور کا دورہ کریں گے، عمران خان پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ وزیر اعظم کو 100 روزہ پلان پر حکومت پنجاب کی جانب سے بریف کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق، وزیراعظم کو نئے بلدیاتی نظام بارے بھی بریفنگ دی جائے گی، پنجاب حکومت نے بلدیاتی نظام کا حتمی مسودہ تیار کر لیا، وزیر اعظم کی آمد سے قبل آج وزیر بلدیات علیم خان وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو بلدیاتی مسودے پر بریف کریں گے۔
وزیراعظم پنجاب پولیس کمیشن کے سربراہ ناصر درانی سے بھی ملاقات کریں گے، عمران خان پنجاب بھر کے ڈویژنل آفیسرز کے ساتھ ویڈیو لنک پر خطاب بھی کریں گے، وزیر اعظم پنجاب کابینہ کے 4 ارکان سے بھی ان کے محکموں بارے خصوصی بریفنگ لیں گے، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ون آن ون ملاقات بھی ہو گی۔