اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ دنیا دیکھ رہی ہے کہ کون امن اور کون جنگ چاہتا ہے؟ ہم نے پہلے ہاتھ بڑھایا، اب بھی کوششیں جاری رکھیں گے۔ بھارتی آرمی چیف کا بیان انتہائی نامناسب ہے۔
بھارتی آرمی چیف کے بیان پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ دنیا دیکھ رہی ہے کہ کون امن اور کون جنگ چاہتا ہے، ہم نے امن کے لیے پہلے ہاتھ آگے بڑھایا تھا۔ بھارتی آرمی چیف کا بیان انتہائی نامناسب ہے۔ پرامن ملک کی حیثیت سے پاکستان امن کا خواہاں ہے، ہم اب بھی امن کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ بھارتی آرمی چیف کو سمجھنا چاہیے کہ وہ بھارتیا جنتا پارٹی کے سربراہ نہیں، سیاسی جماعت کے آلہ کار نہ بنیں۔ بھارتی آرمی چیف کو سیاسی آلہ کار کے طور پر بیان بازی سے گریز کرنا چاہیے۔ دونوں ممالک کے درمیان امن عوام کے فائدے میں ہے، پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقتیں ہیں، جنگ نہیں ہو سکتی، مسائل کا واحد حل مذاکرات ہیں۔