وفاقی کابینہ میں مزید 4 سے 5 نئے وزراء شامل کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 16 September,2018 11:49 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ میں مزید توسیع کا فیصلہ، ذرائع کے مطابق محرم کے بعد 4 سے 5 نئے وزراء شامل کیے جائیں گے۔ فیصل واوڈا، علی امین گنڈا پور، اعظم سواتی اور فضل محمد خان کو وزارتیں دی جائیں گی۔ ناراض محمد میاں سومرو کو منانے کی کوشش، متحدہ نے بھی امید لگالی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ میں مزید توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کابینہ میں توسیع کے چوتھے مرحلے میں مزید 4 سے 5 وزراء حلف اٹھائیں گے۔ کراچی سے فیصل واوڈا اور چارسدہ سے فضل محمد خان کو کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ علی امین گنڈا پور اور اعظم سواتی کو بھی کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔

اس وقت وفاقی کابینہ میں 19 وفاقی وزراء اور 4 وزرائے مملکت ہیں۔ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، سمندر پار پاکستانیز، مواصلات کی وزارتوں کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے جبکہ وزارت امور کشمیر، نارکوٹکس کنٹرول، وزارت پوسٹل سروسز اور آبی ذخائر کے قملدان بھی کسی کو نہیں دیے گئے۔

مشیر بابر اعوان کے مستعفیٰ ہونے کے بعد وزارت پارلیمانی امور کا قملدان بھی خالی ہے۔ اس وقت وفاقی کابینہ کے ارکان کی تعداد 30 ہے جس میں 4 مشیر اور 3 معاونین خصوصی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پیپلزپارٹی کے وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے دور میں 36 وفاقی وزراء، 19 وزیرمملکت، 6 مشیر اور 9 معاون خصوصی وفاقی کابینہ کا حصہ تھے۔ مسلم لیگ ن کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے دور میں 29 وفاقی وزراء، 19 وزراء مملکت، 4 مشیر اور 4 معاون خصوصی وفاقی کابینہ کا حصہ تھے۔

Advertisement