اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وفاقی حکومت نے ریڈیو پاکستان ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کی کثیرالمنزلہ عمارت کو طویل مدت کے لئے لیز پر دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام شعبے پاکستان براڈ کاسٹنگ اکیڈمی کی چھوٹی عمارت میں منتقل کرنے کا حکم دیدیا جس سے ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
ریڈزون سیکٹر جی فائیو میں ریڈیو پاکستان کی7 منزلہ عمارت ہے جس میں مختلف شعبے قائم ہونے کے ساتھ ساتھ حساس آلات بھی نصب ہیں، حکومت نے اس کے تمام شعبے سیکٹر ایچ نائن میں قائم پاکستان براڈ کاسٹنگ (پی بی اے ) کی چھوٹی عمارت میں منتقل کرکے ہیڈکوارٹرز کی عمارت طویل مدت کے لئے لیز پر دینے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں ڈائریکٹر منسٹرز آفس دانیال گیلانی کے دستخطوں سے جاری نوٹیفکیشن کے ذریعے ریڈیو پاکستان کے ملازمین کو ایک ماہ کے اندر عمارت خالی کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔
حکومت کے اس اچانک اور عجیب فیصلے پر ادارے کے ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے اس پر شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ عملی طور پر اتنی حساس عمارت کو انتہائی غیر محفوظ اور چھوٹی سی عمارت میں منتقل کرنا ناممکن ہے، ادھر پاکستان پیپلز پارٹی نے ریڈیو پاکستان کی عمارت لیز پر دینے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لیز معاہدہ ختم کیا جائے اور ریڈیو کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے استوار کیا جائے تاکہ پاکستان کے اندر اور باہر ریڈیو پاکستان قومی سلامتی کے تحفظ کو یقینی بنانے میں کردار ادا کر سکے، ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ ریڈیو کی بلڈنگ کو لیز پر دینا قابل قبول نہیں۔