وزیر صحت یاسمین راشد سے ینگ ڈاکٹرز کے مذاکرات کامیاب، ہڑتال ختم

Last Updated On 24 September,2018 03:57 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد سے کامیاب مذاکرات کے بعد ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال ختم کر کے او پی ڈیز کھولنے کا اعلان کر دیا۔ ڈاکٹرز کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے اقدامات پر کمیٹی بنانے پر اتفاق ہوگیا، ڈاکٹرز کے مسائل پر ایکشن کے لئے فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا۔

یاد رہے رحیم یارخان کے شیخ زید ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر کو ہراساں کیے جانے کے معاملے کو لے کر پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کی تین روز سے ہڑتال جاری تھی۔ لاہور کے سروسز، جنرل، چلڈرن، جناح، اور میو ہسپتال سمیت پی آئی سی میں اوپی ڈی بند تھی، اپنے پیاروں کو علاج کیلئے تڑپتا دیکھ کر لواحقین بھی آگ بگولہ ہوگئے اور فیروز پور روڈ کو بلاک کر کے شدید احتجاج کیا۔

ملتان اور فیصل آباد میں بھی مریض علاج کیلئے سسکتے رہے، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا کہنا تھا ڈاکٹروں کی سکیورٹی سے متعلق قانون سازی تک احتجاج جاری رہے گا۔