ای سی سی کا اجلاس، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی سمری آج پیش کی جائیگی

Last Updated On 25 September,2018 02:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرخزانہ کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس آج ہوگا، بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے فی یونٹ اضاٖفے کی سمری پیش کی جائے گی۔

ای سی سی کے لیے تیار سمری میں وزارت توانائی نے تجویز دی ہے کہ بجلی کے نرخوں میں کم سے کم دو جبکہ زیادہ سے زیادہ چار روپے اضافہ کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق 50 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے فی یونٹ نرخ 2 روپے سے بڑھا کر 4 سے 6 روپے، 100 یونٹ پر ریٹ 5.79 روپے سے بڑھا کر 7 سے 9 روپے، 200 یونٹ استعمال پر 8.11 روپے سے بڑھا کر 10 سے 12 روپے کرنے کی تجویز ہے۔

وزارت خزانہ نے تجویز کیا کہ 300 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کے نرخ 10.20 روپے سے بڑھا کر 12 سے 14 روپے، 700 یونٹ کے استعمال پر 15.54 روپے سے بڑھا کر 17 سے 19 روپے جبکہ اس سے زائد یونٹ پر نرخ 17.27 روپے فی یونٹ سے بڑھا کر 19 سے 21 روپے کیے جائیں۔ قیمتیں بڑھنے سے صارفین پر 400 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹی (ای سی سی) نے گزشتہ اجلاس میں گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں بھی 143 فیصد تک اضافے کی منظوری دی تھی جس سے صارفین پہلے ہر ماہ 94 ارب روپے کے بوجھ تلے دب چکے ہیں