معیشت بربادی کی ذمہ دار اسحاق ڈار اینڈ کمپنی ہے: فواد چوہدری

Last Updated On 25 September,2018 05:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) فواد چوہدری کا کہنا ہے معیشت بربادی کی ذمہ دار اسحاق ڈار اینڈ کمپنی ہے، ن لیگ نے ایسٹ انڈیا جیسی حکومت کی، اپوزیشن صرف تنقید نہ کرے، بحران سے نکلنے کا راستہ بھی بتائے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ن لیگ کی سابق حکومت میں بے شمار ارسطو شامل تھے، ن لیگ کی حکومت نے ایسٹ انڈیا جیسا کردار ادا کیا، اب ہمیں کہا جا رہا ہے کہ وفاقی وزیر نئے ہیں، انہیں کوئی تجربہ نہیں ہے، سابق حکومت نے آنیوالی نسلوں کو بھی مقروض کر دیا۔ انہوں نے کہا ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی حکومتوں نے پاکستان کے ساتھ اچھا نہیں کیا، زرمبادلہ کے ذخائر صرف ڈیڑھ ماہ کے رہ گئے ہیں، کیا قرضوں کی ذمہ دار 21 دن کی حکومت ہے؟ ن لیگ اور پیپلزپارٹی صرف تنقید نہ کرے، بحران کا حل بھی بتائے، اپوزیشن لیڈر ہی ذمہ داروں کا تعین کر دیں۔

فواد چودھری کا کہنا تھا اسحاق ڈار اینڈ کمپنی آج کی معیشت کے ذمہ دار ہیں، قرضوں کی وجہ سے امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہوتا جا رہا ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت میں خسارہ 5 گنا بڑھا، سابق حکومتوں نے آنے والی نسلوں کو مقروض کر دیا۔ انہوں نے کہا پنجاب حکومت کو میٹرو بس چلانے کیلئے 8 ارب روپے چاہئیں، آج چند لوگ ارب پتی ہو گئے ہیں جن کے ایون فیلڈ میں فلیٹس ہیں، اسحاق ڈار کو جہاز میں بٹھا کر باہر بھجوایا گیا اور وہ واپس نہیں آئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے پاکستان کے ساتھ اچھا نہیں کیا، کیا ملکی قرضوں میں اضافے کی ذمہ دار نئی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا خزانےمیں پیسہ نہیں، کیا کریں، مزید قرض لیں ؟ 11 ارب روپے صرف شہباز شریف نے خرچ کیے، جس محکمے پر ہاتھ رکھیں پتہ چلتا ہے وہ تباہ ہے، گزشتہ حکومت نے قرضے لیکر کھلونے بنائے، میٹرو ٹرین چلانے کیلئے ہر سال 20 ارب روپے درکار ہیں۔