لاہور: (دنیا نیوز) یونیورسٹی آف سرگردھا لاہور کیمپس کے طلبہ ڈگریاں جاری نہ کئے جانے پر سراپا احتجاج بن گئے، ٹائروں کو آگ لگا کر کینال روڈ پر دھرنا دے دیا، احتجاج کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، شہری اذیت کا شکار ہو گئے۔
لاہور کینال روڈ پر یونیورسٹی آف سرگودھا کے طلبہ احتجاج کرتے نکل آئے اور سڑک کو بلاک کر دیا۔ پولیس نے طلبہ کو روڈ کھولنے کا کہا تو انہوں نے ٹائروں کو آگ لگا دی اور دھرنا دے دیا۔
احتجاج کے باعث کنال روڈ اور اس سے ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا، ٹریفک جام میں پھنسے شہری مظاہرین سے الجھتے رہے۔
طلبہ کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی ان کو ڈگریاں جاری نہیں کر رہی اور ان کا مستقبل برباد کیا جا رہا ہے۔ گھنٹوں تک طویل احتجاج کے باوجود پولیس حکام اور ضلعی انتطامیہ نے مظاہرین سے کوئی مذاکرات نہ کئے۔