'بجٹ میں 15 فیصد ڈیم فنڈ کیلئے رکھے جائیں، عطیات سے کام نہیں ہوسکتا'

Last Updated On 29 September,2018 12:56 pm

کراچی: (دنیا نیوز) خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ بجٹ میں 15 فیصد ڈیم فنڈ کیلئے رکھے جائیں، عطیات سے کام نہیں ہوسکتا، حکومت خود حکومت کرنے میں سنجیدہ نہیں، عمران خان کا بنگلہ وزیراعظم ہاوس میں رہائشی ایریا سے بھی بڑا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا موجودہ حکومت پہلے ہی مہینے قرض لینے سعودی عرب پہنچ گئی، ڈیم وقت کی ضرورت ہیں، پیپلزپارٹی ڈیموں کی تعمیر کی حامی ہے مگر چندے اور جرمانوں سے ڈیم نہیں بنا کرتے۔ انہوں نے کہا زندگی میں کہیں ایک انچ پر قبضہ کیا ہو یا قرض لیکر کھایا ہو تو بتایا جائے، ہم نے محنت کی ہے، لوگوں نے بڑے شہروں پر بلڈنگز پر قبضے کیے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا عوام کو روزگار دینے والے روزگار چھیننے جا رہے ہیں، ہم آج بھی چاہتے ہیں پی ٹی آئی حکومت چلائے، حکومت خود حکومت کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے، قیادت کا کنٹرول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا اسد عمر جو باتیں کرتے تھے اس پر عمل کریں، حکومت نے کروڑوں افراد کو روزگار دینے کا وعدہ کیا، مگر لوگوں کو نکالا جا رہا ہے۔