سکھر: (دنیا نیوز) خورشید شاہ کا کہنا ہے آئی ایم ایف سے قرض نہ لینے کا فیصلہ خوش آئند ہے، مبینہ دھاندلی کے باوجود حکومت کو تسلیم کیا، بھاشا ڈیم بنانے میں کوئی حرج نہیں، معیشت مضبوط ہوگی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما خورشید شاہ نے سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کے الزامات پر پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے، ملکی اور قومی مفاد کے ہر کام میں حکومت کی حمایت کریں گے، حکومت کو پورا موقع دینگے، اپنے وعدے پورے کریں، ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر بنانا مشکل ہو گا۔ انہوں نے کہا سیاست میں پارلمینٹ کو ہمیشہ ترجیح دی ہے، پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا۔
خورشید شاہ نے کہا ماضی کی طرح پھر سے ٹیکس لگائے جا رہے ہیں، یوٹرن کا سسٹم اب ختم کرنا ہوگا، جس ملک میں ٹیکس کی ادائیگیاں کم ہوں اس ملک میں قمیتیں بڑھانے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ انہوں نے کہا میاں سومرو کو وزیر بننا ہی نہیں چاہیئے تھا، وہ وزیراعظم، چیئرمین سینیٹ کی کرسی پر رہ چکے ہیں، وزیراعظم ہاؤس آج پہلے سے بڑا ہے، حکومت سندھ کو پودے لگانے اور باغ لگانے کی تلقین کی ہے۔