اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی کے لیے اتحادی جماعتوں کے نامزد امیدوار سيد خورشید شاہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے، خورشید شاہ نے کہا کہ تيس سال سے پارليمنٹ ميں ہوں، ہميشہ پارليمنٹ کی بالادستی کی بات کی۔
سپیکر قومی اسمبلی کیلئے اتحادی جماعتوں کے نامزد امیدوار خورشید شاہ نےکاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ایسے سپیکر کی ضرورت ہے جو سب کو ساتھ لیکر چلے، 30 سال سے پارليمنٹ ميں ہوں ہميشہ پارليمنٹ کی بالادستی کی بات کی۔ امید ہے اراکین ووٹ کا فیصلہ کرتے وقت حقائق کو مد نظر رکھیں گے۔
سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کا مرحلہ آ گیا، خورشید شاہ اور قاسم سوری کے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے گئے۔ خورشید شاہ کے تجویز کنندہ نوید قمر، رمیش لعل، شازیہ ثوبیہ، مسرت میہسر اور شاہدہ رحمانی تھے۔ کاغذات نامزدگی جمع کراتے ہوئے دلچسپ جملوں کا بھی تبادلہ ہوا۔ سیکرٹری اسمبلی نے کہا کہ آپ کے آنے سے پہلے ہم دیکھ رہے تھے بلا مقابلہ سپیکر منتخب ہونے کا طریقہ کار کیا ہے، خورشید شاہ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ یہ تو پھر میرے خلاف سازش تھی۔
ڈپٹی سپیکر کے لیے تحریک انصاف کے امیدوار قاسم سوری نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے۔ علی جدون اور فرخ حبیب انکے تجویز کنندہ تھے۔ اس موقع پر قاسم سوری کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں بلوچستان کے عوام کی آواز بنیں گے۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔