سکھر: ( روزنامہ دنیا) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشیدشاہ نے کہا ہے پیپلزپارٹی نے اقتدارکے حصول کیلئے نہیں جمہوریت کیلئے قربانیاں دیں۔
سکھر میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ذوالفقاربھٹو نے کبھی اپنے لیے اقتدار نہیں مانگا۔ انہوں نے کہا نوازشریف نے ملک میں بجلی مہنگی کی، وہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے میں ناکام رہے ، نوازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا، پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے ہوتے ہوئے کالاباغ ڈیم نہیں بن سکتا۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا یہ انتخابات اہم اور ملکی سالمیت سے وابستہ ہیں لہذا ملک کے اہمیت رکھنے والے اداروں سے کہتا ہوں انتخابات وقت پر کرائیں، ہماری نااہلیوں کی وجہ سے پاکستان 2 حصوں میں تقسیم ہوا جبکہ آمروں کی غلط پالیسیوں سے ملک کمزور ہوا تاہم ذوالفقارعلی بھٹو نے کئی تحریکوں کو سیاسی سوجھ بوجھ سے ختم کیا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا عدم استحکام کے باعث چھوٹے ملک بھی ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں۔ رہنما خورشید شاہ نے کہا 2018 کے الیکشن کو معمول کا الیکشن نہ سمجھا جائے ،یہ الیکشن پاکستان کے مستقبل کو مستحکم بھی کرسکتا ہے اور کمزور بھی، اگر کہیں کسی نے غلطی کرکے کوئی شرارت کردی اور الیکشن کو متنازعہ بنایا تو خطرناک بات ہوگی ۔انہوں نے کہا سندھو دیش کی تحریک اوربلوچستان علیحدگی کی تحریک کوشہید بھٹو نے ناکام بنایا، غلطیوں کی وجہ سے آدھا پاکستان الگ ہوا، اب ہمیں موجودہ پاکستان کی حفاظت کرناہوگی۔
خورشید شاہ نے کہا نواز شریف نے جب بھی ان کی باتوں پر عمل کیا بچ گئے لیکن جب نہیں مانے تو پھنس گئے ۔انہوں نے کہا نوازشریف واپس نہ آئے تو اداروں کی ساکھ متاثر ہوگی۔