صرف چندے یا مدد سے ڈیم نہیں بن سکتا، خورشید شاہ

Last Updated On 13 September,2018 07:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ڈیم پر صرف سیاست کی جا رہی ہے، صرف چندے یا مدد سے پراجیکٹ ممکن نہیں، حکومت سنجیدہ ہے تو پی ایس ڈی پی میں بجٹ رکھا جائے۔

اسلام آباد میں رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے جو بجٹ پیش ہوا وہ صرف ایک سال کا تھا، نئے منی بجٹ سے امید ہے کہ عوام کو ریلیف دیں گے اور عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ملک میں اگر 3 ڈیم بن جائیں تو پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر ہو جائے گی، ڈیموں سے لوگوں کو سستی بجلی ملے گی اور زرعی صورتحال بہتر ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیم کی اس وقت کاسٹ 16 سو ارب روپے ہیں، صرف چندے یا مدد سے ڈیم نہیں بن سکتا، اگر حکومت سنجیدہ ہے تو ڈیم کیلئے پی ایس ڈی پی میں بجٹ رکھنا چاہیے۔ سینئر سیاستدان کا کہنا تھا سی پیک ایک سال پیچھے گیا تو وہ منصوبہ ختم ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بات کا افسوس ہے کہ نواز شریف جیل میں تھے اور ان کی اہلیہ کلثوم نواز انتقال کر گئیں، ایک سیاستدان جیل کی کوٹھری سے رہا ہو کر جنازے میں شرکت کیلئے آ رہا ہے۔