پنجاب میں تجاوزات اور قبضہ مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز

Last Updated On 01 October,2018 05:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں تجاوزات اور قبضہ مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز ہوگیا، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان میں غیر قانونی عمارتیں اور دکانیں مسمار کر دی گئیں، مزاحمت پر 2 دکانداروں کو حراست میں لے لیا گیا۔

گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان میں انتظامیہ کا گرینڈ آپریشن شروع ہوگیا، گوجرانوالہ میں ہونیوالے آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن اور ہائی وے کی مشترکہ ٹیموں نے حصہ لیا۔ چندا قلعہ بائی پاس کے قریب کرینوں کی مدد سے دکانوں اور عمارتوں کو مسمار کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا پورے شہر میں گرینڈ آپریشن ہو گا۔

فیصل آباد میں تجاوزات کے خلاف انتظامیہ نے آپریشن کا آغاز کچہری بازار سے کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر صدر، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سمیت پولیس کی بھاری نفری کچہری بازار پہنچی، جہاں انتظامی عملے نے تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا۔ عملہ سڑک پر رکھی تجاوزات کو قبضے میں لیکر ٹرک میں لوڈ کرتا رہا، تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دروان مزاحمت کرنے والے دکانداروں میں سے 3 کو کار سرکار میں مداخلت کرنے پر حراست میں لے لیا گیا۔

چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر نت کا کہنا تھا کہ بلا امتیاز کاروائی کا عمل جاری ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ کچہری اور جھنگ بازار میں آپریشن کے دوران دکانداروں کا کہنا تھا کہ پہلے عملہ منتھلی لیکر جاتا تھا، اگر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جا رہا ہے تو اسے انجام تک پہنچایا جانا چائیے۔ آپریشن کے دوران مزاحمت کرنے پر 3 دکاندار وں کو دھرلیا گیا۔

ملتان میں ضلعی انتظامیہ نے ممتازآباد، حرم گیٹ، خونی برج، گول مارکیٹ، حسین اگاہی اور گردیزی مارکیٹ کے گردونواح میں آپریشن کیا گیا جس میں میونسپل کارپوریشن کیساتھ سول ڈیفنس کے رضاکاروں نے بھی حصہ لیا اس موقع پر میونسپل کارپوریشن کے عملے نے کئی تجاوزات کو بلڈوز کرتے ہوئے درجنوں ریڑھیاں بھی تحویل میں لے لیں۔

تاجروں نے آپریشن کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے ضلعی انتظامیہ اور تاجروں کے درمیان شدید تلخ کلامی بھی ہوئی تاہم آپریشن میں رکاوٹ ڈالنے پر تاجروں کیخلاف 3 مقدمات بھی درج کر لیے ہیں جس پر تاجروں کا کہنا ہے کہ بغیر نوٹس کے کاروائی زیادتی ہے جس پر احتجاج کا سلسلہ جاری رہیگا۔

لاہور میں تجاوزات کے خلاف کل آپریشن کیا جائے گا، جس کی تیاریاں مکمل ہیں۔ آپریشن سے پہلے سرخ رنگ کے 2 ہزار سے زائد نشان لگا دیئے گئے، پہلے روز سبزہ زار، انارکلی، ولنگٹن روڈ اور اردو بازار میں آپریشن کیا جائے گا۔