اسلام آباد: (دنیا نیوز) نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے کے لئے احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، بابر اعوان سمیت تمام ملزمان کو 24 اکتوبر کو طلب کر لیا ہے۔
احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس کی سماعت کی۔ عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے لئے تمام ملزمان کو 24 اکتوبر کو طلب کر لیا۔ ریفرنس میں سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف، سابق وزیر بابر اعوان سمیت مجموعی طور پر 7 ملزمان نامزد ہیں، تمام ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کر دی گئیں، عدالت نے آئندہ سماعت میں تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
دوران سماعت ملزم جسٹس ریٹائرڈ ریاض کیانی کی جانب سے مستقل حاضری سے استشنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جو منظور کر لی گئی جبکہ راجا پرویز اشرف کی جانب سے مستقل حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فاضل جج نے نیب کو نوٹس جاری کر دیا۔
ریفرنس میں نامزد ملزم بابر اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے آج بڑا خوش آئند دن تھا، پاکستان کی تاریخ میں آج تمام پارلیمانی رہنماؤں پر مقدمے چل رہے ہیں، یہی نیا پاکستان اور تبدیلی ہے، اسی ملک میں ایک سابق جج نے اپنے سمدھی کے لیے وہ فیصلہ کیا جو نہیں ہونا چاہیے تھا، جس کا سمدھی، بیٹا اور بیٹی مجرم ہوں ان کا بھی احتساب ہوگا یہ سوال آپ کے لیے چھوڑے جا رہا ہوں۔