ابھی تو 14 قتل بھی آگے آئیں گے، فیاض الحسن چوہان

Last Updated On 05 October,2018 06:19 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے شہباز شریف کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”ابتدائے عشق ہے روتا ہے کیا، آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا“

وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائے عشق ہے روتا ہے کیا، آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا۔ ابھی تو تحقیقات ہونگی، ابھی تو ابتدا ہے، ابھی تو 14 قتل بھی آگے آئیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں ان سے ایک ایک ٹیڈی پیسے کا حساب لیں گے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اس معاملے میں وعدہ معاف گواہ کوئی بھی بن سکتا ہے، قمرالسلام بھی اس کیس میں شہباز شریف کیساتھ کرپشن میں ملوث ہیں، اس کے علاوہ جنید نامی شخص بھی شہباز شریف کا فرنٹ مین ہے اسے بھی گرفتار کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کے پاس شواہد ہیں تو انہوں نے سابق وزیراعلیٰ کو گرفتار کیا، شہباز شریف نے کہا تھا کہ میری مرضی کے بغیر کوئی ٹرانسفر اور تقرری نہیں ہو گی، ہمارے پاس منٹس موجود ہیں جس میں شہباز شریف نے کہا میری مرضی کے بغیر کوئی ٹھیکہ نہیں دیا جائے گا۔