لاہور: (دنیا نیوز) آشیانہ ہاؤسنگ سکیم سے پہلے لوگوں سے کوئی پیسا لیا گیا ہو، ایسا کوئی ثبوت نہیں ہے، اس منصوبے میں پہلے گھر بنائے گے، پھر لوگوں کو چابیاں دی گئیں، فواد حسن فواد کو بھی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کا دنیا نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کرپشن تو تب ثابت ہوگی جب سرکاری خزانے سے ایک پیسہ بھی خرچہ ہو، آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں کسی کمپنی کو سرکاری خزانہ سے ایک روپے کی بھی ادائیگی نہیں ہوئی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جو پیسے کمپنی بنانے میں خرچ ہوئے یا کسی نے تنخواہ لی، اس میں شہباز شریف نے تو پیسے نہیں لئے، پرائیوٹ کمپنی کے سی ای او کی تنخواہیں اس سے بہت زیادہ ہوتی ہیں، پرائیوٹ کمپنی کے سی ای اوز کی تنخواہیں ایک ایک کروڑ ہوتی ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ سب کچھ ضمنی الیکشن پر اثر انداز ہونے کے لئے کیا جا رہا ہے، یہ 25 جولائی کی طرح الیکشن سے پہلے کی گئی انتقامی کارروائی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ ضمنی الیکشن میں کلین سویپ کرنے جا رہی ہے، اگر یہ ابتدائے عشق ہے تو انتہائے عشق ہم کریں گے، یہ سب بازو ہمارے آزمائے ہوئے ہیں۔