لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو سخت سیکورٹی میں احتساب عدالت میں پیشی کے بعد نیب آفس پہنچا دیا گیا، عمران نذیر اور پرویز ملک کارکنوں کے ساتھ بکتر بند پر چڑھ گئے۔
آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں گذشتہ روز گرفتار کیے جانے والے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیش کرنے کے بعد نیب آفس منتقل کر دیا گیا۔ حمزہ شہباز، سلمان شہباز، مریم اورنگ زیب، خرم دستگیر سمیت لیگی رہنما اور کارکنوں کی بڑی تعداد احتساب عدالت پہنچی۔
شہباز شریف کی آمد پر سکیورٹی کے کافی سخت انتظامات کیے گئے تھے، جب شہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیشی کے لیے لایا گیا تو صبح سے عدالت کے باہر موجود لیگی کارکن جوش میں آگئے، کارکنوں کی طرف سے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی جاتی رہی۔ جس بکتربند گاڑی میں شہباز شریف کو لایا گیا، کارکن اُس پر چڑھ کر بھی نعرہ بازی کرتے رہے۔
کمرہ عدالت میں بھی کافی بدنظمی رہی جس کے باعث سماعت شروع کرنے میں تاخیر ہوگئی، سماعت شروع ہونے کے بعد نیب کی طرف سے شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، کمرہ عدالت کے اندر قانونی کارروائی جاری رہی تو کمرہ عدالت کے باہر کارکن اپنا جوش دکھاتے رہے جس میں متوالیاں بھی پیش پیش رہیں۔