شہباز شریف کی گرفتاری پر مختلف شہروں میں لیگی کارکنان کا احتجاج

Last Updated On 07 October,2018 11:07 am

لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف کی گرفتاری پر ملک کے مختلف شہروں میں لیگی کارکنوں نے احتجاج کیا، متوالوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور پارٹی صدر کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔

شہباز شریف کی گرفتاری پر مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، فیصل آباد میں لیگی متوالے میئر رزاق ملک کی قیادت میں ضلع کونسل چوک میں جمع ہوگئے اور کارکنوں نے نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، احتجاج کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی۔

پشاور میں ن لیگ کے کارکنوں نے شہباز شریف کی گرفتاری کیخلاف صوبائی سیکرٹریٹ سے پریس کلب تک ریلی نکالی اور وفاقی حکومت کے خلاف نعرے لگائے، مظاہرین نے ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔

سیالکوٹ میں مسلم لیگ ہاؤس میں کارکنوں نے احتجاج کیا، مظاہرین نے حکومت پر سیاسی انتقام لینے کا الزام لگایا اور کہا کہ شہبازشریف کی رہائی تک احتجاج جاری رہے گا۔

اس سے قبل لاہور میں شہباز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی پر کارکن بھی جاپہنچے، کارکنوں نے بکتربند گاڑی کو گھیر لیا اور خوب نعرے بازی کی، کئی متوالے کارکن بکتربند گاڑی پر چڑھ گئے۔