لاہور: ( دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوگئے، عدالت نے سابق وزرا ئے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کو حلف کی پاسداری نہ کرنے پر بغاوت کے الزام میں کارروائی کیلئے دائر درخواست پر آج ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔
عدالت نے معروف صحافی سرل المیڈا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ آج سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف حلف کی پاسداری نہ کرنے کے الزام میں دائر درخواست پر سماعت کرے گا۔ بینچ کے دیگر اراکین میں جسٹس عاطر محمود اور جسٹس مسعود جہانگیر شامل ہیں۔ تین رکنی بینچ ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی جانب سے دائر درخواست پر آج سماعت کرے گا۔
درخواست میں نواز شریف کے متنازع انٹرویو کو بنیاد بنایا گیا ہے اور نشاندہی کی گئی ہے کہ نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمیٰ کے حلف کی پاسداری نہیں کی۔