کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ پاکستان میں اختلافات شدت اختیار کر گئے، ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ مجھے فردِ واحد نے نقصان پہنچایا، اب ایم کیو ایم میں تبدیلی آنی چاہئے، انٹرا پارٹی الیکشن دوبارہ کروائے جائیں۔ انھوں نے رابطہ کمیٹی سے 5 فروری والی پارٹی پوزیشن پر بحالی کا مطالبہ کر دیا۔
متحدہ رہنما فاروق ستار نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 13 ستمبر کو رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے ذاتی وجوہات کا کہہ کر استعفیٰ دیا تھا، آج وجوہات بتانا چاہتا ہوں، مجھے فرد واحد نے نقصان پہنچایا، صحافیوں سے پہیلی بوجھ کر عامر خان کی طرف اشارہ کر دیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی میں تبیلی آنی چاہئے۔ تمام عہدیدار کارکنوں سے نیا مینڈیٹ لے کر آئیں، فوری طور پر انٹرا پارٹی الیکشن کروائے جائیں۔ انھوں نے رابطہ کمیٹی سے مطالبہ کیا کہ انھیں 5 فروری والی پارٹی پوزیشن پر بحال کیا جائے۔ فاروق ستار نے کہا کہ 23 اگست کو حادثاتی طور پر پارٹی کی سربراہی کا عہدہ سنبھالا تھا۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم اس وقت شدید اندرونی اختلافات کا شکار ہے، کچھ عرصہ قبل ایم کیو ایم پاکستان میں اختلافات کے سبب پہلے فاروق ستار نے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کو تحلیل کیا اور پھر رابطہ کمیٹی نے احکامات ماننے سے انکار کرتے ہوئے خود فاروق ستار کو ہی پارٹی صدارت سے ہٹا دیا تھا۔ جس کے بعد فاروق ستار نے رواں ماہ ستمبر میں رابطہ کمیٹی رکنیت سے بھی استعفی دیدیا تھا اور اب ایک بار پھر انھوں نے 5 فروری والے عہدے پر بحالی کا پھر مطالبہ کر دیا ہے۔