کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے سٹی کورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے لاوڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار ودیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔
سٹی کورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں لاوڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، ایم کیوایم پاکستان رہنما ڈاکٹر فاروق ستار پیش ہوئے۔ عدالت نے لاوڈ سپیکر ایکٹ کے ایک مقدمے میں فاروق ستار و دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے کیس سے جڑے گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کر دی جبکہ عدالت پہلے ہی سربراہ ایم کیوایم پاکستان خالد مقبول صدیقی، حیدر عباس رضوی و دیگر کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔
سماعت کے بعد فاروق ستار کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا ہمارا حکومت سے معاہدہ عوامی مسائل کے حل کیلئے ہے، یہ معاہدہ لالی پاپ ثابت نہیں ہونا چاہیے، جھوٹے مقدمات یا توختم ہوں یا جلدی چلیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپی پیک منصوبوں کی سلامتی یقینی بنانی چاہیے، گیس بجلی کی قیمتیں کم ھونگی تو ریلیف ملے گا، سیلز ٹیکس میں کمی کر کے عام آدمی کو فائدہ پہنچایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کے فور کے پہلے مرحلے پر کام جلدی مکمل ہونا چاہیئے،ہمارے لاپتہ کارکنوں کو جلد بازیاب کروایا جائے۔