کراچی: (دنیا نیوز) انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اٹھارہویں 3 روزہ بین الاقوامی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور فائر اینڈ سیفٹی ایشیا نمائش کا افتتاح کردیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے حوالے سے آئی ٹی سی این نمائش انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ پاکستان کو نوے کی دہائی میں آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کے کئی مواقع ملے جو ضائع کردیے گئے، جب تک خوشحالی کراچی سے ہوکر نہیں جائے گی ملک ترقی نہیں کرسکے گا۔ کراچی کو ڈیجیٹائز کرکے اس شعبے کی ترقی کو ملک گیر سطح پر پھیلایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مفت وائی فائی سروس فراہم کرکے طلبا و طالبات میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں جدت کیلئے ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام پر غور کیا جارہا ہے۔ وفاقی وزیر نے مختلف ہالز کا دورہ کرکے سی پیک میں آئی ٹی کے کردار اور ملک میں اس شعبے کی پیش رفت کو درپیش چیلنجز سے متعلق سیمینار سے خطاب بھی کیا۔
ای کامرس گیٹ وے کے نائب صدر عمیر نظام نے نمائش کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال مقامی اور بیرون ملک سے 600 سے زائد آئی ٹی برانڈز توجہ کا مرکز بنیں گے، 250 سے زائد وفود شرکت کر رہے ہیں۔