کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات میں کراچی سمیت شہری سندھ کے مسائل پر بات چیت کی گئی۔
وزیرِاعظم عمران خان سے وفد کے ہمراہ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے بتایا کہ ملاقات میں کراچی کی صورتحال، مردم شماری سے متعلق تحفظات اور لاپتہ افراد سے متعلق بھی بات کی گئی۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہری علاقوں کیساتھ 70 سال سے ناانصافیاں کی جا رہی ہیں، ہم نے کراچی کا مقدمہ وزیرِاعظم عمران خان کے سامنے رکھا ہے۔ کراچی کو بے دردی سے لوٹا گیا، اس شہر کو 500 ارب ڈالرکی ضرورت ہے، کراچی کو اتنا ہی پیکج ملنا چاہیے، جتنا حق ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ وزیرِاعظم سے حیدر آباد یونیورسٹی اور کے پی ٹی ملازمین سے متعلق بھی بات ہوئی، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کسی کو بیروزگار نہیں کیا جائے گا۔
اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ شہر میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو سکتا ہے جبکہ شہر کچرے کا ڈھیر بنا ہوا ہے، ہم نے ان مسائل کے حل کیلئے وزیرِاعظم کو قلیل اور طویل المدتی تجاویز پیش کی ہیں۔