میئر کراچی وسیم اختر کی سرکاری گاڑی گن پوائنٹ پر چھین لی گئی

Last Updated On 09 September,2018 11:44 am

کراچی: (دنیا نیوز) ڈیفنس کے علاقے سے کراچی کے مئیر وسیم اختر کی گاڑی گن پوائنٹ پر چھین لی گئی، ڈی آئی جی ساؤتھ نے واقعے کے بعد ایس ایچ او درخشان کو معطل کرکے تنزلی کردی۔

کراچی میں اسڑیٹ کرائم کی ایک اور واردات، مئیر کراچی وسیم اختر اپنے ہی شہر میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں لُٹ گئے۔ ہفتے کی سہ پہر 3 بجے کے قریب ڈیفنس فیز 6 خیابان بخاری سے وسیم اختر کی سرکاری گاڑی جی ایس 999 چھین لی گئی۔

واردات کے بعد مئیر کراچی وسیم اختر کا مؤقف بھی سامنے آگیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ 3 ملزمان نے اسلحہ کے زور پر گاڑی چھینی، واقعے کی رپورٹ متعلقہ تھانے میں جمع کرادی ہے۔

دوسری جانب نااہلی پر ڈی آئی جی ساؤتھ نے ایس ایچ او درخشان کو معطل کرکے تنزلی کردی۔ ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اوڈھو کے مطابق 2 گروہ سرکاری گاڑیوں کے چھیننے میں ملوث ہیں۔ درخشاں کی حدود میں اس سے قبل بھی سرکاری گاڑیاں چھینی جاچکی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو جلد گرفتار کرلیں گے۔