لاہور: سٹریٹ کرائم میں ملوث ڈولفن سکواڈ کے 2 اہلکار گرفتار

Last Updated On 09 September,2018 06:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سٹریٹ کرائم کی وارداتوں کو روکنے والے خود جرائم میں ملوث نکلے، ڈولفن سکواڈ کے ہیڈ کوارٹرز سے چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور اسلحہ برآمد، دو ڈولفن اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔

 

لاہور میں جرائم کی وارداتیں روکنے کے لئے سرگرم ڈولفن سکواڈ اپنے اندر موجود چوروں کو نہ پہچان پائی۔ 2 ڈولفن اہلکاروں کو گرفتار کر کے درجنوں چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

سی آئی اے ذرائع کے مطابق ڈولفن سکواڈ کے اہلکار شہریوں سے وارداتیں کرتے رہے۔ دونوں گرفتار اہلکاروں کی نشاندہی پر مزید گرفتاریوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چوری کا انکشاف تب ہوا جب ہیڈ کوارٹرز سے چوری ہونیوالا پسٹل دونوں اہلکاروں سے برآمد ہوا۔ ملزمان عرصہ دراز سے سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث تھے۔