فیصل آباد: (دنیا نیوز) جھمرہ روڈصنعتی شہر فیصل آباد میں تجارتی حوالہ سے بہت اہمیت کا حامل ہے اسکے باوجود گزشتہ 20 برسوں سے حکومتی عدم توجہی کا شکار ہے۔ روڈ کی ٹوٹ پھوٹ نہ صرف تجارتی سامان کی آمدو رفت میں رکاوٹ ہے بلکہ رواں سال اس سڑک پرہونے والے 2 ہزار حادثات نے کئی زندگیوں کے چراغ بھی گل کردئیے ہیں۔
فیصل آباد سے جھمرہ جانے والی 19 کلومیٹر طویل سڑک 2 دہائیوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، پاکستان آئل ڈپو اور صنعتی شہر سے دوسرے شہروں اور ممالک کے ساتھ تجارت کیلئے ڈرائی پورٹ اسی شاہراہ پر موجود ہونے کی وجہ سے اس شاہراہ پر ہیوی ٹریفک کا رش زیادہ رہتا ہے۔
ٹریفک مسائل، حادثات کے بڑھتے اعدادوشمار اورسڑک کی مرمت یا تعمیر نو نہ ہونے پر شہری حکومت سے نالاں ہیں، رواں سال جھمرہ روڈ پر اب تک2 ہزار حادثات رونما ہوچکے جن میں درجن سے زائد شہری زندگی کی بازی ہارے اور 2200 شہری زخمی ہوئے۔ ٹوٹی ہوئی سڑک سے اٹھنے والے گردوغبار سے علاقہ مکین اور راہ گیر مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔
جھمرہ روڈ کی فوری تعمیر نو تاجروں کا دیرینہ مطالبہ ہے جن کا کہنا ہے کہ ٹوٹی پھوٹی یہ سڑک انکے کاروبار پر برے طریقے سے اثر انداز ہو رہی ہے۔