سرگودھا: (دنیا نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سرگودھا میں بڑا آپریشن کرتے ہوئے 11 بڑے پروڈکشن یونٹ سیل کر دیئے جبکہ مٹھائیوں میں کیمیکل کے استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی سربراہی میں سرگودھا میں 16 گھنٹے طویل آپریشن کیا، کارروائی کے دوران ملاوٹ کرنے والے 11 بڑے پروڈکشن یونٹ سیل جبکہ ملاوٹی مال کے کئی ٹرک تلف کر دیئے گئے۔ فریسکو ڈیری اور مکہ مدینہ ڈیری کو جعلی دودھ بنانے پر سیل کر دیا گیا اور 500 لیٹر تیار دودھ موقع پر تلف کیا گیا۔
فریسکو ڈیری سے جانوروں کے دودھ بڑھانے والے ممنوعہ ٹیکے برآمد ہونے پر مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق معروف چائے کی پتی قطر ٹی کو غلط لیبلنگ، ناقص سٹوریج پر سیل کر دیا گیا، 500 کلو تیار ناقص پتی، بھاری مقدار میں خام مال اور لیبل موقع برآمد کر لیا گیا۔
فوڈ اتھارٹی نے علی سپائس یونٹ جعلی مرچیں تیار کر نے پر سیل کرتے ہوئے 1750 کلو ملاوٹ ذدہ مرچیں برآمد کر لیں۔ عثمان فوڈز کو 1500 کلو ملاوٹ زدہ مرچیں برآمد ہونے پر سیل کیا گیا۔ فائیو سٹار فوڈ زائد المعیاد تیل کے استعمال، ایکسپائر نمکو اور سنیکس برآمد ہونے جبکہ بیسٹ وے سوئیٹس اینڈ بیکرز مٹھائیوں کی تیاری میں رنگ کاٹ، ناقص گھی کے استعمال پر سیل کر دیا گیا۔