لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں اینٹی نارکوٹکس فورس اور کسٹم نے منشیات بھارت سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، ریل گاڑی کے خفیہ خانوں سے کروڑوں مالیت کی 15 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔
اے این ایف حکام کے مطابق انہیں خفیہ اطلاع ملی تھی کہ مال گاڑی کی مدد سے اعلی کوالٹی کی کرسٹل ہیروئن بھارت سمگل کی جا رہی ہے، جس پر کسٹم اور اینٹی نارکوٹکس فورس نے واہگہ بارڈر پر مشترکہ کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران مال گاڑی کی تلاشی لیتے ہوئے 15 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہیروئن بڑی مہارت کے ساتھ ٹرین کے پہیوں کے ساتھ موجود خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی، جس کی مالیت 15 کروڑ روپے سے زائد بتائی جارہی ہے تاہم منشیات قبضہ میں لے کر مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔