لاہور: (دنیا نیوز) شہبازشریف کی گرفتاری کے خلاف لیگی ایم پی ایز نے احتجاج کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے اندر جانے کی کوشش کی، انتظامیہ نے خاردار تاریں لگا کر گیٹ کو بند کر رکھا ہے، لیگی ارکان نے علامتی اجلاس کا اعلان کر رکھا تھا۔
مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی دروازے پر خار دار تاریں ہٹا کر اسمبلی دروازے پر پہنچے اور گیٹ کھولنے کی کوشش کی مگر ناکامی کے بعد دھرنا دے دیا۔ رانا قبال نے کہا کہ ہم نے جلد اجلاس طلب کرنے کی ریکوزیشن جمع کرائی تھی، آج احتجاج کرنا چاہتے تھے، اسمبلی میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا ہمیں اسمبلی میں داخل ہونے نہیں دیا گیا، ہم کوئی دہشتگرد نہیں، اسی اسمبلی کے معزز رکن ہیں۔
یاد رہے شہباز شریف کی گرفتاری کے معاملے پر مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی کے باہر اپوزیشن کا اجلاس طلب کیا تھا۔ اسی طرح قومی اسمبلی کے باہر بھی ن لیگ نے احتجاج کا پروگرام بنایا ہے، اس سلسلے میں سابق سپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹرز کا مشترکہ اجلاس پارلیمنٹ ہائوس کے گیٹ نمبر ایک کے باہر ہو گا۔ اجلاس میں پارٹی ارکان کو احتجاجی حکمت عملی کے حوالے سے بریف کیا جائے گا۔