لاہور: ( روزنامہ دنیا) نیب لاہور کی تین رکنی ٹیم نے آشیانہ اقبال سکینڈل کے حوالے سے شہباز شریف سے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
نیب نے شہباز شریف سے پوچھا کہ پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی بنانے کا مقصد کیا تھا، جس پر انہوں نے کہا کہ غریبوں کو سستے گھر دینا چاہتا تھا۔ نیب ٹیم نے سوال کیا کہ پنجاب میں پہلے سے محکمے موجود ہونے کے باوجود کمپنیاں بنانے کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی، لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی بنانے کا بنیادی مقصد اور ضرورت کیا تھی۔
نیب ٹیم نے شہباز شریف سے آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کے ٹھیکے میں مداخلت سے متعلق بھی سوالات کیے، جس کے جواب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کمپنیوں کا ماڈل صوبے میں گڈ گورننس کو فروغ دینے کے لئے لایا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ صوبے کا سربراہ ہونے کی حیثیت سے عوام کے پیسے کی حفاظت کرنا میری ذمہ داری تھی، جیسے ہی آشیانہ اقبال میں بے قاعدگیوں کا پتہ چلا تو تمام قانونی آپشنز بروئے کار لانے کا کہا گیا۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف سے آشیانہ اقبال کے ساتھ ساتھ دیگر منصوبوں پر بھی سوالات کیے جائیں گے۔